لاہور (سٹاف رپورٹر) تیلدار اجناس کی پیداوار میں فروغ کے قومی منصوبہ کے تحت سورج مکھی کے پیداواری مقابلہ2022-23میں ضلع سیالکوٹ کے کاشتکار احسن جاویدولد محمد عبدل نے55.70 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کرنے کے بعد صوبائی سطح پر اول پوزیشن حاصل کی ہے اور حکومت پنجاب کی طرف سے احسن جاوید کو5 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گایہ فیصلہ گذشتہ روزسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی سربراہی میں سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ سورج مکھی کے پیداواری مقابلہ2022-23کی صوبائی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔یاد رہے، محکمہ زراعت پنجاب نے تیلدار اجناس کی پیداوار میں فروغ کے قومی منصوبہ کے تحت مالی سال2022-23 کے دوران سورج مکھی کے صوبائی و ڈویژنل سطح پر پیداواری مقابلہ جات کا انعقاد کیا تھا جس کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کی گئیں تھیں۔ ان پیداواری مقابلوں کی صوبائی کمیٹی کے چئیرمین سیکرٹری زراعت پنجاب جبکہ دیگر ممبران میں ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)،چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد،ڈائریکٹر جنرل زراعت اصلاح آبپاشی و فیلڈ،ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ سروس اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب کے علاوہ تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹربھی شامل تھے اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے جیتنے والے کاشتکار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں کے پیداواری مقابلہ سے کاشتکاروں کے مابین صحتمندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے جس سے کاشتکار زیادہ محنت و تندہی سے کام کرتے ہیں اور پیداواری اہداف کے حصول میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب کو بتایا گیا کہ سورج مکھی کے ڈویڑن کی سطح پر زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو متعلقہ ڈویژنل کمشنرز کی زیرِ نگرانی قائم کمیٹی کے ذریعے نقد انعامات دئیے جائیں گے
سورج مکھی کے پیداواری مقابلہ2022-23کی صوبائی کمیٹی کا اجلاس
Jun 22, 2023