لاہور(سپورٹس رپورٹر ) ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلیا نے بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 28 رنز سے شکست دیدی۔جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو7رنز سے ہرا دیا۔ انٹیگوا کے شہر نارتھ ساونڈ میں ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون کی ٹیموں کے درمیان میچ میں بارش کی وجہ سے ٹاس میں کچھ دیر کی تاخیر ہوئی۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے 8وکٹوں پر 140رنز بنائے ۔ جواب میں آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 11.2اوورز میں 100رنز کا ہدف ملا، جو اس نے 2وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ ڈیوڈ وارنر35 گیندوں پر 53رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ٹریوس ہیڈ نے 21 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔پیٹ کمنز نے ہیٹ ٹرک سمیت تین وکٹیں حاصل کیں ‘انہیںمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جنوبی افریقہ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 7 رنز سے ہرا دیا۔جنوبی افریقہ کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 6 وکٹوں پر 156 رنز بناسکی۔سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔جنوبی افریقا نے 6 وکٹوں پر 163 رنز بنائے، کوئنٹن ڈی کوک 65 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جوفراآرچر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔انگلش ٹیم 6 وکٹوں پر 156 رنز بناسکی۔ ہیری بروک 53 اور لیام لیونگسٹن 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔کوئنٹن ڈی کاک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
ٹی20 ورلڈکپ، سپر8 ‘ آسٹریلیا نے بنگلہ دیش‘جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو ہرا دیا
Jun 22, 2024