لاہور (سپورٹس رپورٹر) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم شاید ایک ٹیم کی طرح دکھائی نہیں دے رہی تھی جس کی بہت ساری وجوہات میں سے ایک وجہ یہ تھی کہ میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے ساتھ 26 سے 28 افراد پر مشتمل گروپ کرکٹرز کی بیگمات، بچوں اور اہل خانہ کا تھا۔ حیران کن طور پر فاسٹ بائولر محمد عامر ذاتی ٹرینر کے ساتھ امریکہ میں تھے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کے غیر ملکی ٹرینر کی موجودگی میں محمد عامر ذاتی ٹرینر کے ساتھ ٹریننگ کرتے تھے، یہ ٹرینر آئر لینڈ اور انگلینڈ میں تھا۔ محمد عامر نے پی سی بی سے خصوصی اجازت لی تھی اور ٹرینر کے اخراجات وہ خود ادا کرتے تھے لیکن اس کے انتظامات پی سی بی نے کئے تھے۔ امریکہ کے میچ میں 18رنز کا سپر اوور کرانے والے محمد عامر ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم میں آئے تھے لیکن وہ ٹیم کے ساتھ ٹریننگ نہیں کرتے تھے، یہ بھی انوکھی مثال تھی کہ ایک کھلاڑی ذاتی ٹرینر کے ساتھ الگ ٹریننگ کرتا تھا۔ عامر کے علاوہ محمد رضوان، فخر زمان اور وہاب ریاض کے بیگم بچے ٹیم کے ساتھ سفر کرتے رہے۔کپتان بابر اعظم کے والد، والدہ، بھائی، عماد وسیم اور حارث رؤف کی بیگمات بھی ورلڈکپ کے دوران ٹیم کے ساتھ رہیں، میچوں کے بعد پارٹیاں اور کھانے بھی چلتے رہے، اسی موج مستی میں پاکستان کا سفر پہلے راؤنڈ میں ختم ہوگیا۔