فیصل آباد، سمندری میں آندھی، بارش، متعدد پولز ٹوٹ گئے، فیڈر ٹرپ، بجلی بند

Jun 22, 2024

فیصل آباد؍ سمندری (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) فیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات شدید طوفان بادوباراں اور بارش کے باعث بڑے پیمانے پر ڈسٹری بیوشن سسٹم کو نقصان پہنچا۔ درجنوں ہائی ٹینشن اور لو ٹینشن پولز ٹوٹ گئے۔ جھنگ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، چنیوٹ اور میانوالی کے علاقوں میں آندھی اور بارش کی شدت کے باعث بریک ڈاؤن اور بجلی کی تاروں پر درخت، بل بورڈ اور فلیکس بورڈ گرنے کے واقعات رونما ہوئے اور ٹرپنگ کی وجہ سے سو سے زائد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی خصوصی ہدایات پر آپریشن، کنسٹرکشن اور گرڈ سٹاف نے طوفان بادو باراں رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کردیا اور بارش سے متاثرہ فیڈرز کا لوڈ متبادل فیڈرز پر شفٹ کر کے ان کی بجلی بحال کردی گئی اور رات گئے تک سسٹم بحال ہوگیا۔ سرکلز اور ریجنل سٹورز سے پولز، تاریں، کراس آرمز اور دیگر سامان، بھاری مشینری کے ہمراہ سائیٹ پر پہنچا اور کام شروع کر دیا گیا۔ طوفان سے متاثرہ مختلف علاقوں میں کھمبوں اور تاروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے اور ٹوٹے اور اکھڑے ہوئے پولز کو ہنگامی بنیادوں پر تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ سسٹم بحالی کی کاروائیوں کی براہ راست نگرانی چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر محمد عامر کنٹرول روم سے کرتے رہے اور افسروں سٹاف کو ہدایات جاری کیں ۔چیف انجنئیرآپریشن محمد سعید  اورفیسکوکے چھ آپریشن سرکلز کے ایس ایز بھی الرٹ رہے اور عملہ کو حفاظتی اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔صارفین کی انفرادی شکایات کے فوری ازالے کیلئے فیسکو فیلڈ سٹاف متاثرہ علاقوں میں متحرک ہے۔سمندری اور گرد و نواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔آندھی کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور پانچ افراد چھتیں دیواریں گرنے سے زخمی ہو گئے۔ بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے کی وجہ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی چوبیس گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی تاحال بعض مقامات پر بجلی بحال نہ ہو سکی۔ بجلی کی بندش کی وجہ سے گھروں اور مساجد میں پانی ختم ہو گیا جس پر شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے بجلی بحال نہ ہونے پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے فیسکو سمندری کی نااہلی قرار دیا ہے۔  مزید برآں بارش اور آندھی سے چھتیں، پردے اور دیواریں گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں 19سالہ سعیدیہ، 30سالہ نذیر، 45سالہ رضیہ، 50سالہ رضیہ شامل ہیں جبکہ دیوار گر نے سے22سالہ طیب دیوار کے ملبہ کے نیچے دب کر زخمی ہو گیا۔ جبکہ چک نمبر 468گ ب گرلز مڈل سکول کی بیرونی دیوار گر گئی۔

مزیدخبریں