ینگ ڈاکٹرز، نرسز کی ہڑتال جاری، او پی ڈیز بند رہیں: مریض خوار  

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹروں اور نرسز کی ہڑتال گزشتہ روز بھی جاری رہی۔ رحیم یار خان، بہاول پور، فیصل آباد اور سرگودھا کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند رہیں۔ ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ہڑتال ساہیوال واقعہ میں ڈاکٹرز کی گرفتاری اور خانیوال میں نرس کی گرفتاری کے خلاف کی گئی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کال پر ملتان میں نشتر ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی۔ فیصل آباد میں بھی الائیڈ سمیت ٹیچنگ ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز سراپا احتجاج رہے۔ بہاولپور اور سرگودھا میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے آؤٹ ڈور سروسز کا بائیکاٹ کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خانیوال سے گرفتار نرس کو رہا کیا جائے، ساہیوال واقعہ میں ڈاکٹرز کو گرفتار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن