لاہور (خبرنگار) ہائیکورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کوبند کرنے کا حکم دے دیا۔ سموگ تدارک کے لیے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرکے متعلقہ محکمے کو آگاہ کرے۔عدالت نے کہا کہ موٹر وے کے گردونواح میں آگ کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں جن پر قابو پایا جائے۔ موٹر وے پولیس آگ لگانے کے واقعات پر کارروائیاں کرے، آئی جی موٹر وے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں ورنہ توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔ پی ڈی ایم اے نے ہیٹ سٹروک سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ہیٹ سٹروک سے متعلق آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے، چولستان میں 20 واٹر بائوزر بھیج دیئے ہیں، ایک واٹر باوزر میں 12ہزار 500لٹر پانی ہوتا ہے جو وہاں کے رہائشیوں کو دیا جارہا ہے۔