لاہور (نامہ نگار) بے نظیر بھٹو کی 71ویں سالگرہ کی تقریب پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر ہوئی جس میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور زندہ ہے بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ ثمینہ گھرکی، اسلم گل، نرگس ملک ، عقیلہ یوسف، زاہد ذولفقار، اسلم گھڑا، عثمان ملک، منور انجم چودھری، ریاض عامربٹ، عمربخاری، نصیراحمد، افتخار خان، عارف خان ، سہیل ملک ودیگر نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا ہمیں بتایا گیا کہ مال روڈ پر دفعہ 144 لگی ہے تقریب نہیں ہونے دیں گے۔ تقریب پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی، ہم عملی طور پر اپوزیشن میں ہیں ہماری کہیں شنوائی نہیں ہے‘ عزیز الرحمان چن نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام بھی تقریب ہوئی‘ نائب صدر اور مسلم کمرشل بنک ایمپلائز یونین کے صدر ملک احتشام الحسن نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں پیپلزلائرز فورم پنجاب کے سابق صدر میاں حنیف طاہر ایڈووکیٹ ، ذوالفقار علی بھٹو کے دیرینہ ساتھی ملک غلام رسول نسیم ایڈووکیٹ، ملک سلطان ایڈووکیٹ، امین منہاس، ٹیچر رہنما تاج حیدر، سید اکمل شاہ سمیت دیگر مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ رہنماؤں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اعتراض ہے کہ بی بی کی سالگرہ کیوں مناتے ہیں یہ ان لوگوں کی غلط فہمی اور بدنیتی کا نتیجہ ہے۔