سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموںوکشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے علاقے کے دورے کے خلاف جمعہ کو ہڑتال رہی،اور کشمیریوں نے اپنا کاروبار بند کرکے بھارتی وزیراعظم کے دورے کے مسترد کردیا،ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی جبکہ دیگر آزادی پسند تنظیموں نے اسکی حمایت کی ۔ سرینگر میںدکانیں اور کاروباری مرکز بند رہے۔قابض بھارتی انتظامیہ نے نریندر مودی کے دورے اور جموںوکشمیر پربھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیریوں کے مظاہرے کو روکنے کیلئے سرینگر اور دیگر علاقوں میںسخت پابندیاں عائد کررکھی تھیں اور بڑی تعداد میں بھارتی فورسز اہلکار تعینات کئے۔ؔ علاوہ ازیں مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں سے چھ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ فورسز اہلکاروں نے ضلع ڈوڈہ کے علاقے گنڈوہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 4 نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ جبکہ بھارتی ریاست کرناٹک کے دارلحکومت بنگلور میں پولیس نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے ایک شخص کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرنے کی پاداش میں گرفتار کر لیا ہے۔ تیس سالہ فہیم فردوس قریشی کو بنگلور انٹرنیشنل ایگزیبیشن سینٹر کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت پر گرفتار کیا گیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوتوا تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے کارکنوں نے جموں شہر میں مارچ کیا اور ہندوتوا کے نعرے لگائے۔ دوسری جانب ضلع بانڈی پورہ میں ایک 20 سالہ نوجوان ٹریکٹر تلے دب جانے کی وجہ سے جان بحق ہو گیا۔ نوجوان کے لواحقین نے پوسٹ مارٹم میں تاخیر پر ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مقبوضہ جموںوکشمیر سے تعلق رکھنے والے 10افراد سعودی عرب میں دوران حج ہیٹ سٹروک سے وفات پا گئے ہیں۔جان ہونے والوں میں سات خواتین جبکہ تین مرد شامل ہیں۔ ان دس حجاج میں سے چھ کا تعلق سرینگر، دو کولگام جبکہ دیگر دو کا تعلق بارہمولہ اور جموں سے بتایا جاتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر: مودی کا دورہ، مکمل ہڑتال، مزید 7 نوجوان گرفتار
Jun 22, 2024