فرسودہ نظام انصاف کو تبدیل کرنا سب کی ذمہ داری: اعظم نذیر تارڑ 

Jun 22, 2024

اسلام آباد+راولپنڈی (نیٹ نیوز+خبر نگار خصوصی+سٹاف رپورٹر) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام انصاف میں بہت سی اصلاحات ہونا ہیں اور سب کی ذمہ داری ہے کہ فرسودہ نظام انصاف کو تبدیل کریں۔ اعظم نذیر تارڑ نے راولپنڈی میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کردار ادا کریں گے۔ فرسودہ نظام انصاف میں تبدیلی کے لئے بار کونسل سے بھی تجاویز لیں گے۔ ملک اسرار نے کم وقت میں بڑا مقام حاصل کیا۔ مرحوم ملک اسرار سے میرا بہت اچھا تعلق تھا اور ان کا قتل ہمارے لئے بھی ایک چیلنج ہے۔ ہمارے نظام اور سسٹم کیلئے بھی ایک چیلنج ہے۔ ہر قتل اندوہناک ہوتا ہے۔ ہمارے فرسودہ نظام انصاف میں بہت ساری کشیدہ کاری ہونے والی ہے یعنی اصلاحات ہونی ہیں جس کیلئے اس واقعہ نے بھی آنکھیں کھولی ہیں لیکن نئی اسمبلی کے بننے کے بعد نواز شریف نے مجھے خاص طور پر یہ ہدایت کی کہ فوجداری نظام انصاف کا کوئی حال نہیں ہے اس کا کچھ کریں۔ ہم نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جنگی بنیادوں پر فوجداری قوانین پر کام کیا۔ اس کیلئے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کی متعدد ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔ میں وکلاء کی موجودگی میں اس بات کو دہراتا ہوں کہ بہت جلد  ہمارے فوجداری قوانین بہتر شکل میں نظر آئیں گے تاکہ عصر  حاضر کے جو تقاضے ہیں، ماڈرن ٹائم کے جرائم تبدیل ہو چکے ہیں، اس میں تبدیلی نظر آئے گی۔ میرے لئے بطور وزیر قانون یہ بات تکلیف دہ ہے اور آپ میں سے کوئی ایسا شخص نہیں ہوگا جو اس بات کی تردید کرے کہ میرے ملک میں سنگین جرائم جن میں قتل، ڈکیتی رہزنی اغوا برائے تاوان شامل ہیں، ان میں سزا کی شرح شاید 10  فیصد بھی نہ ہو۔ ایسے میں ہم روز محشر ان لواحقین اور شہداء کو کیا منہ دکھائیں گے جن کی جانیں بے گناہ لے لی گئیں کہ ہم یہ نظام چلا رہے تھے۔ بار کونسل، بار ایسوسی ایشنز، حکومت اور پارلیمان کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس نظام کو تبدیل کریں۔ میں حکومت اور پارلیمان کی طرف سے یہ بات بلا خوف تردید کرنا چاہتا ہوں کہ ہم اس فرسودہ فوجداری نظام سے شروع کر رہے ہیں۔ اگلے چند ماہ میں آپ کو قانون میں تبدیلیاں نظر آئیں گی اور اس قانون سازی میں وزیراعظم اور نواز شریف کی خاص ہدایت ہے کہ بار کونسل اور بار ایسوسی ایشن کو ساتھ لیکر چلیں گے اور ان کی تجاویز کو باریک نظر سے دیکھیں گے۔اسلام آباد  سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ سے خیبر پی کے بار کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ خیبر پی کے بار کونسل کے وائس چیئرمین صادق مہمند، احمد فاروق خٹک سابق وائس چیئرمین، سید امجدشاہ اور طارق آفریدی ممبر پاکستان بار کونسل بھی شریک ہوئے۔ اعظم نذیرتارڑ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت نے پشاور ہائیکورٹ میں ججوں کی 5مزید آسامیوں کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور بجٹ کے بعد ضروری قانونی ضابطوں کے مطابق ججز کی  آسامیاں بڑھا دی جائیں گی۔

مزیدخبریں