اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سینٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ آج فنانس بل کے حوالے سے سفارشات کو حتمی شکل دے گی، چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت وفاقی بجٹ پر سفارشات مرتب کرنے کے لیے پانچویں روز بھی قائمہ کمیٹی کا اجلاس جاری رہا ۔ اجلاس میںپنسل اور دیگر سٹیشنری پر ٹیکس عائد نہ کرنے کی تجویز دی گئی ۔ نمائندہ پاکستان ریٹیل بزنس کونسل نے کہا ٹیکس نیٹ والوں کا ٹیکس بڑھایا گیا ہے تاہم ٹیکس نیٹ سے باہر والوں کیلئے مکمل استثناء جاری رکھا گیا ہے۔ چئر مین سلیم مانڈوی والا نے کہا ایف بی آر ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں سے بھی ٹیکس وصولی کیلئے اقدامات کرے ،ملک میں کپڑے کی سمگلنگ کو روکا جائے،ملک میں فائلر اور نان فائلر کی دو اقسام پیدا کرکے ٹیکس ادا کرنے والوں کو حراساں کیا جاتا ہے ،سپر ٹیکس ایک سال کیلئے آیا تھا پھر اس کو غیر معینہ مدت کیلئے چلایا جا رہا ہے ۔کمٹی نے تجویز کیا کہ حج و عمرہ کیلئے نان فائلرز پر بھی فائلرز کی شرط لاگو کی جائے، ایف بی آر نے کہا یہ صرف مذہبی فریضہ ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے کمیٹی نے نان فائلر کو حج اور عمرے پر جانے کے لیے دیا جانے والا استثنی ختم کرنے پر زور دیا ، صدر ایپٹما نے کہا کہ ہم 2.5 فیصد ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج دے رہے ہیں،ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج کو کچھ عرصہ کیلئے ڈسچارج کردیں۔