اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ سپیشل انوسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ایک بجے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراء چاروں وزرائے اعلیٰ سمیت تمام آئی جیز بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں غیرملکی سرمایہ کاری کی سہولت کاری سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، اجلاس میں چائنیز ورکرز کی سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائیگی۔ سعودی عرب‘ چین کے سرمایہ کاروں کیساتھ میٹنگز سے ایس آئی ایف سی کو آگاہ کیا جائے گا۔