اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلون نے وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بارڈر سکیورٹی، امیگریشن، غیر قانونی انسانی سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کو روکنے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ وزیر داخلہ محسنِ نقوی نے کہا کہ پاکستان اپنے بارڈر کو محفوظ بنانے، غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی سمگلنگ کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ اس ضمن میں متعلقہ اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم امیگریشن کے سسٹم میں بھی جدت اور بہتری لا رہے ہیں۔ الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے نظام میں مزید بہتری لا رہے ہیں، چوبیس گھنٹے میں ویزا جاری کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں کینیڈا کو ہنر مند افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے۔ ہنر مند افرادی قوت کی کینیڈا منتقلی سے غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے واقعات میں کمی آئے گی۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان مہاجرین کی کینیڈا منتقلی میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن میں بہتری‘ 24 گھنٹے میں ویزا جاری ہو گا: محسن نقوی
Jun 22, 2024