کرم میں بم دھماکہ: حوالدار، لانس نائیک اور 3 سپاہی شہید

Jun 22, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں پانچ جوانوں نے جام شہادت نوش کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 21 جون 24 کو ضلع کرم کے علاقے صدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں پانچ جوان حوالدار عقیل احمد (عمر: 33 سال، ساکن ضلع اوکاڑہ)، لانس نائیک محمد طفیر (عمر: 30 سال، رہائشی ضلع پونچھ)، سپاہی انوش رفون (عمر: 24 سال، ساکن ڈسٹرکٹ اٹک)، سپاہی محمد اعظم خان۔ (عمر: 26 سال، رہائشی ضلع ہری پور) اور سپاہی ہارون ولیم (عمر: 29 سال، رہائشی اسلام آباد نے لازوال قربانی دیتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ صدر مملکت آصف زرداری‘ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع کرم میں دیسی بم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں صدر مملکت  نے  ضلع کرم میں بم حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی کو سراہا۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز  کے کردار کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے عزم کا اظہار  کیا۔ صدر مملکت نے شہداء  کے لواحقین سے اظہار تعزیت، صبر جمیل کی دعا  کی۔ شہداء  کیلئے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔

مزیدخبریں