لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز اور صدر مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکانومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے ا مکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ایران کی پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40فیصد سے 70فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے وزیراعلی مریم نوازشریف کو دورہ ایران کا تحریر ی دعوت نامہ پیش کیا۔ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے نواز شریف کوبھی دورہ ایران کی دعوت دی۔ نواز شریف نے ملاقات میں دورہ ایران کی یادیں تازہ کیں۔ مریم نواز اور نواز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر ایران کے عوام کے دکھ کو دل سے محسوس کرتے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہاکہ شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات یاد گار رہی، ان کی شخصیت متاثر کن تھی۔ ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہاکہ پاکستان کے ممنون ہیں، پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا۔ شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی محمد نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے، دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی۔ ایرانی سفیر نے مریم نوازشریف کو خاتون وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ اصفہان، مشہد اور لاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے کبیر والا میں مبینہ طورپر غیرت کے نام پر بیٹے کی فائرنگ سے ماں اور تین بہنوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عید پر صفائی کے بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے سینٹری ورکرز اور چیف آفیسرز کو وزیر اعلیٰ آفس بلا لیا۔ بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔ مریم نواز شریف کو دو سینٹری ورکرز نے پنسل سے بنا پورٹریٹ پیش کیا جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے بہترین کارکردگی پر سینٹری ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اپنی نشست چھوڑ کر سینٹری ورکرز کے درمیان جا کر بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین سینٹری ورکرز سے احوال دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہیروز کے درمیان بیٹھنا چاہتی ہوں، دلی مسرت ہورہی ہے۔ عید فیملی کے ساتھ نہیں منائی بلکہ پنجاب میں صفائی کرائی اور نگرانی کی۔ خوش ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا شرف عطا کیا ہے۔ صفائی عید تک محدود نہیں، ستھرا پنجاب ایسے ہی ہونا چاہیے، ہر روز ایسے ہی پنجاب چمکانا ہے۔ عید پر صفائی کے سب معترف ہیں، مخالفین نے بھی کہا شاید اتنی قربانی نہیں ہوئی۔ سڑکوں کو ایسے دھویا کہ جیسے کوئی گھر کو صاف کرتا ہے، اپنے ملک، صوبے اور شہر کو صاف رکھنا ہے، سر فخر سے بلند کیا۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں ویسٹ مینجمنٹ کا سسٹم لا رہے ہیں، وسائل بھی مہیا کر یں گے۔