مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) جی سی سی کے سیکرٹری جنرل عبدالرحمن العطیہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی عوام کے خلاف مجرمانہ نسل کش اقدامات پر اسرائیل کی مذمت کی ہے۔ العطیہ نے خبردار کیا کہ مقبوضہ علاقوں کے حالات کی خرابی کا تمام تر ذمہ دار اسرائیل ہے کیونکہ وہ القدس شہر اور فلسطینی عوام کے حقوق سے متعلق تمام بین الاقوامی قوانین و روایات کو مسلسل پامال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات القدس کو یہودی رنگ میں رنگنے اور طاقت کے بل پر اپنی پالیسی نافذ کرنے والے بڑے منصوبے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر و توسیع اور مسجد اقصیٰ کے قریب کینس الحزاب کا افتتاح غیرقانونی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اسرائیلی جارحیت بند کرانے کے لئے ٹھوس اقدام کیا جائے۔ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی چار فریقی کمیٹی فلسطینی عوام اور ان کے مقامات مقدسہ کو عالمی تحفظ فراہم کریں انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر عالمی برادری نے اشتعال انگیز خلاف ورزیوں کا سدباب نہ کیا تو خطہ میں قیام امن کے مواقع سبوتاژ ہو جائیں گے۔