پشاور (اے ایف پی) مئی میں عام انتخابات کو محفوظ بنانے کی کوشش کے سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے وادی تیراہ میں طالبان کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے۔ ایک سینئر سکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ انتخابات قریب آ رہے ہیں۔ خیبر ایجنسی ایک اہم علاقہ ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ عسکریت پسندوں کو روکا جائے اور انہیں پیچھے دھکیلا جائے۔ حکام اور مقامی افراد نے بتایا کہ لڑاکا طیارے جنگجوﺅں کے محفوظ ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وادی کو گھیرے میں لے کر فورسز ان کے ٹھکانوں پر گولہ باری بھی کر رہی ہیں۔ پیر کو عسکریت پسندوں نے پشاور میں جوڈیشل کمپلیکس پر خود کش حملہ کیا تھا جس میں 4افراد مارے گئے تھے۔ مقامی قبائلی شخصیت حکم خان نے بتایا کہ جنگجو گروپوں اور طالبان کے علاوہ غیرملکی عسکریت پسندوں نے وادی تیراہ میں محفوظ ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ وہ یہاں سے پشاور کے قریب آ سکتے ہیں۔
عام انتخابات کو محفوظ بنانے کیلئے وادی تیراہ میں طالبان کیخلاف آپریشن تیز
Mar 22, 2013