اسلام آباد (ثناءنیوز+نوائے وقت نیوز) حکمران جماعت پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت کی مدت کی تکمیل کے ساتھ ہی قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) میں حاضر سروس فوجی افسران کی تقرریاں شرمناک ہیں اپنے ایک بیان میں ان تقرریوں کی مذمت کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ کمرشل اداروں میں فوجیوں کی تعیناتی نہ صرف ناکام تجربہ ثابت ہوا ہے بلکہ یہ معاملہ اب ماضی کا حصہ بن چکا ہے ۔ یہ روش سابق فوجی آمر پرویز مشرف کے دور میں اختیار کی گئی تھی اور کاروباری اداروں میں فوجی افسران کی تقرریوں سے ان اداروں کو نہ صرف نقصان ہوا تھا بلکہ ان اداروں نے اس کی طویل بنیادوں پر بھاری قیمت بھی چکائی تھی ۔ اپنے بیان میں سینیٹر میاں رضا ربانی نے پی آئی اے سے نچلے درجے کے ملازمین کی چھانٹی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کے ساتھ یہ معاملہ سینٹ میں بھی اٹھایا جا چکا ہے ۔