الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے‘ اقتدار میں آئے تو معیشت اولین ترجیح ہوگی : نوازشریف

Mar 22, 2013

لاہور(وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں نوازشریف نے کہا ہے انتخابات کو متنازع بننے دیا جائیگا نہ دھاندلی ہونے دینگے۔ بلوچستان میں ملی بھگت اور سند ھ میں ’چٹ منگنی پٹ بیاہ ‘ کیا گیا۔ اس صورتحال کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے ہمراہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ لاہور میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا انہوں نے پانچ سال صبر جمہوریت کے استحکام کے لیے کیا، الیکشن متنازع بنانے یا ان میں دھاندلی کے لیے نہیں کیا۔ انہوں نے کہا سندھ اور بلوچستان میں ملی بھگت کی گئی، یہ سب کچھ الیکشن میں دھاندلی کیلئے کیا جارہاہے، عدلیہ اور الیکشن کمشن کو اسکا نوٹس لینا چاہیے۔ علاوہ ازیں نواز شریف نے یورپی سفیروں کو پارٹی منشور دیتے ہوئے کہا اقتدار میں آ کر ان کی اولین ترجیح معیشت ہو گی۔ عسکریت پسندی اور انتہا پسندی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جرمن سفیر ڈاٹر وکٹر سرل نن کی رہائش گاہ پر یورپی ممالک کے سفیروں کو پارٹی منشور پر بریفنگ دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا ان کی جماعت اقتدار میں آ کر توانائی کی قلت کو ختم کرنے کے ہنگامی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا ملک میں قانون کی بالادستی کا قیام اہم چیلنج ہے۔ انہوں نے یورپی سفیروں سے کہا وہ پاکستان کی معیشت اور اداروں کو مستحکم کرنے کے لئے سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کو عوام کی خواہشات کے مطابق بنانے کے لئے جامع نظرثانی کا عزم کر رکھا ہے۔ آزمودہ دوست ممالک سے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور جن ممالک سے اختلافات ہیں ان سے تعلقات معمول پر لانے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ نواز شریف نے کہا مسلم لیگ ن کی اولین ترجیح ملک کی معیشت کو فوری اور طویل المیعاد اقدامات کے ذریعے مضبوط بنانا ہے تاکہ ملک سے توانائی کے بحرانوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ان بحرانوں کی وجہ سے ملک کی اقتصادی صورتحال خراب ہونے کی وجہ سے عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے شہریوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ سیاسی تعلقات کو اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے ذریعے مضبوط بنائے جانے کی ضرورت ہے۔ 

مزیدخبریں