لاہور (خصوصی رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے باضابطہ درخواست کی ہے کہ ان کی خدمات وفاق کے سپرد کر دی جائیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو لکھے اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ سول سرونٹ کے طور پر بے شمار خدمات سرانجام دی ہیں۔ ان کا شمار بلوچستان میں خدمات سرانجام دینے والے پہلے سول سرونٹس میں ہوتا ہے۔ میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا بھی شکرےہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میری صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے پنجاب میں تعینات کیا۔ انہوں نے اپنے عہدے کے حوالے سے کہا کہ کئی وجوہات کی بناءپر میں یہ سمجھتا ہوں کہ مجھے اب صوبے میں خدمات انجام نہیں دینا چاہئیں۔ اس طرح کے اعلیٰ عہدوں پر کام جاری رکھنا عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے درخواست کی کہ ان کی خدمات پنجاب سے واپس لے کر وفاقی حکومت کے سپرد کر دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ درخواست وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز کو اعتماد میں لے کر دے رہے ہیں۔