لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کروانے والے تمام مرد، خواتین اور اقلیتوں کو (آج) جمعہ کو ڈھائی بجے دن پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180۔ ایچ ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کی دعوت دی ہے تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ملاقات اجتماعی ہوئی یا مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف ٹکٹ کے خواہشمندوں سے انفرادی طور پر ملاقات کرینگے۔دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی ہدایت پر تمام پارٹی ٹکٹ کے خواہش مندوں سے مسلم لیگ (ن) ایک فارم پر کروا رہی ہے جس میں اقرار ہے کہ وہ الیکشن کمشن کے کاغذات نامزدگی کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے پارٹی ٹکٹوں کیلئے امیدواروں کی چھان بین کا عمل تیز کر دیا ہے اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی ہدایت پر مختلف ڈویژنوں کے امیدواروں کو شارٹ لسٹڈ (فہرست کو مختصر) کرنے کی ذمہ داری پارٹی کے مختلف ڈویژنوں کے کنوینروں کو سونپ دی گئی ہے۔ لاہور ڈویژن کے امیدواروں کی طویل فہرست میں سے الیکشن کمشن کی شرائط پر پورا نہ اترنے والوں کو نکال دیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق مختصر لسٹوں میں شامل خواہشمندوں سے پارلیمانی بورڈ انٹرویو کرینگے۔