نوشہرہ (این این آئی+ نوائے وقت نیوز) نوشہرہ میں جلوزئی مہاجر کیمپ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 17افراد جاں بحق 35 زخمی ہو گئے، مرنے والوں میں مقامی این جی او کی تین خواتین، 2 بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے سے عمارتوں کے شیشے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، اطلاعات کے مطابق نوشہرہ کے جلوزئی کیمپ میں مہاجر بازار کے قریب زور دار بم دھماکہ ہوا ۔ پولیس کے مطابق بارودی مواد کار میں نصب کیا گیا تھا دھماکے کے وقت بازار میں مہاجرین میں راشن تقسیم کیا جا رہا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے بارودی مواد کار میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد سکےورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دوسری جانب صدر زرداری، وزیر اعظم پرویز اشرف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا مذموم کارروائیوں سے حکومتی عزم متزلزل نہیں ہو گا۔ دہشت گردی کےخلاف جنگ جاری رہے گی۔ صدر اور وزیر اعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف، امیر جماعت اسلامی منور حسن، عمران خان‘ الطاف حسین، اسفند یار ولی، شجاعت حسین، پرویز الٰہی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، گورنر بلوچستان ذوالفقار خان مگسی، گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود، گورنر خیبر پی کے انجینئر شوکت اللہ سمیت متعدد سیاسی و مذہبی رہنماﺅں نے دھماکے کی مذمت کی۔ بم ڈسپوزل کے مطابق دھماکے میں 30سے 35کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ زخمیوں میں مقامی این جی او کی تین خواتین سمیت پانچ ارکان بھی شامل ہیں۔ این جی او کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ادھر ترجمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان احسان اللہ احسان نے کہا ہے جلوزئی کیمپ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ غیر اخلاقی اور غیر اسلامی ہے۔ آن لائن کے مطابق پولیس کا کہنا ہے دھماکہ اس وقت ہوا جب جلوزئی کیمپ کے مہاجر بازار میں مہاجرین میں راشن تقسیم کیا جارہا تھا کہ اچانک بارود سے بھری گاڑی راشن تقسیم کرنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے سے کیمپ کے باہر کھڑی 12 گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ زخمیوں میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے حکام کا کہنا ہے دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے میں 30 سے 35 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ نوشہرہ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت شدید تھی جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ ڈی پی او محمد حسین نے 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں 30 سے 35 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ یہ دھماکہ خیز مواد گاڑی میں پہلے سے نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا گیا۔