راولپنڈی (این این آئی) راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ کا افتتاح 23 مارچ کو ہو گا، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف منصوبہ کا افتتاح کریں گے۔ منصوبہ کی وفاقی اور صوبائی حکومت نے منظوری دی ہے۔ منصوبہ پر 38.05 بلین روپے لاگت آئے گی اور یہ دس ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہو گا۔ یہ بات کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے کنسلٹنٹ کمپنی نیسپاک کے نائب صدر قاضی افتخار اور جنرل منیجر دانش رضا کے ہمراہ منصوبہ کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں بتائی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس کے لئے بنائی جانے والی سڑک 15 سال بعد آبادی اور مسافروں کی تعداد کے پیش نظر بنائی جا رہی ہے جس پر ضرورت پڑنے پر ماس ٹرانزٹ ٹرین چلائی جا سکے گی۔