اسلام آباد کے منفی رویہ نے بلوچستان کو آتش فشاں بنا دیا: سراج الحق

Mar 22, 2015

کراچی + لاہور (آن لائن+ سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پُرامن کراچی پُرامن پاکستان اور ترقی یافتہ کراچی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، بلوچ عوام پاکستان کے نہیں مظالم کیخلاف ہیں، اسلام آباد کے منفی رویئے نے بلوچستان کو آتش فشاں بنایا، بلوچ نوجوانوں کو دیوار سے نہیں سینے سے لگانے کی ضرورت ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں آپریشن سے اہم حقائق بے نقاب ہوئے ہیں، آپریشن کسی جماعت کیخلاف نہیں دہشتگردی کیخلاف ہونا چاہئے کراچی میں آپریشن کے ساتھ شہریوں کے مسائل پر بھی توجہ دی جائے، محض چند رکاوٹیں ہٹانے سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پرامن ہوگا تو پاکستان پُرامن ہوگا اور ترقی یافتہ کراچی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ وزیراعظم کے اعلان کے باوجود کراچی کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں میٹرو بھی محض اعلان تک محدود ہے اور اب تک کہیں نظر نہیں آرہی۔ علاوہ ازیں بی این پی کے چیئرمین اختر مینگل اور سراج الحق میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنمائوں نے بلوچستان کے مسائل کے حل کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اختر مینگل نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھانے پر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور قومی یکجہتی کیلئے سراج الحق کی مخلصانہ کوششوں کی تحسین کی۔

مزیدخبریں