اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت نیوز) نیپرا نے لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی کے ٹیرف میں 75 پیسے تا2 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک کمی کی منظوری دیدی ہے۔ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ٹیرف گزشتہ سال کی سطح پر برقرار رہے گا۔ فرنس آئل کی قیمت میں کمی کے باعث نیپرا نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ٹیرف میں 75 پیسے تا2 روپے 50 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی ہے۔ نیپرا فیصلے کے مطابق مالی سال 2014-15ء میں ٹیرف میں کمی کی منظوری دی گئی ہے۔ 50 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کا ٹیرف 4 روپے فی یونٹ کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔ 1تا100 یونٹ گھریلو صارفین کے ٹیرف میں 75 پیسے فی یونٹ کمی، 101تا300 یونٹ گھریلو صارفین کے لئے 1 روپے 33 پیسے، 301 تا700 یونٹ گھریلو صارفین کیلئے 1 روپے 67 پیسے اور 700 یونٹ ماہانہ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے ٹیرف میں 2 روپے 50 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی گئی ہے۔ کمرشل صارفین کے ٹیرف میں 1.50 روپے، صنعتی اور زرعی صارفین ٹیرف میں 2.50 روپے یونٹ کمی کی منظوری دی گئی ہے۔ لیسکو 16 ارب 28 کروڑ 90 لاکھ یونٹ بجلی فروخت جبکہ 141 ارب روپے ریونیو کمائے گی۔ گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنی کا ٹیرف گزشتہ سال کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔ گیپکو 6 ارب 90 کروڑیونٹ بجلی فروخت جبکہ 94 ارب 98 کروڑ 60 لاکھ روپے ریونیو کمائے گی۔ نیپرا نے دونوں کمپنیوں کے فیصلے وزارت پانی و بجلی کو نوٹیفکیشن کیلئے ارسال کردئیے ہیں۔ کمی کی منظوری 2014-15ء مالی سال کے ٹیرف کیلئے دی گئی ہے۔
نیپرا نے لیسکو کے ٹیرف میں 2.50 روپے تک فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی
Mar 22, 2015