لاہور+ حافظ آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے بغیر کسی پروٹوکول اور پیشگی اطلاع اچانک 3گھنٹے تک حافظ آباد کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے حافظ آباد میں عام وین کے ذریعے سفرکیا اور ان کے دورے کے موقع پر کسی مقام پر ٹریفک نہیں روکی گئی۔ شہباز شریف عام وین میں بیٹھ کر اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال آئے۔ ہسپتال میں مریضوں کو طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ تقریبا 2 گھنٹے تک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حافظ آباد میں موجود رہے اور آپریشن تھیٹرز، سرجیکل وارڈز، جنرل وارڈز، سٹور روم سمیت دیگر مختلف وارڈز میں گئے۔ مریضوں سے علاج معالجے اورمفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ بعض مریضوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ادویات مل رہی ہیں تاہم بعض مریضوں کی جانب سے مفت ادویات نہ ملنے کی شکایات پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مفت ادویات ہر صورت مریضوں تک پہنچنی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کے لواحقین سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری پر اربوں روپے کے وسائل خرچ کررہی ہے۔ صحت عامہ کیلئے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا گیا ہے۔ زچہ و بچہ وارڈ کے دورے کے دوران پانی کی عدم دستیابی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ وارڈ میں پانی کی فی الفور دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے میڈیسن سٹور روم کا بھی دورہ کیا اور ادویات کا سٹاک چیک کیا۔ وزیر اعلی نے سٹاک رجسٹر مناسب طریقے سے مرتب نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سٹور روم میں تمام ادویات کے فوری آڈٹ کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے ٹوائلٹس میں گندگی اور پانی و لائٹس کی عدم دستیابی اور خراب چادروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاملات اب اس طرح نہیں چلیں گے۔ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو معاملات درست کرنا ہونگے اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی۔ طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دئیے گئے وسائل کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینگے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ عام وین میں بیٹھ کر حافظ آباد میں لینڈ ریکاڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کے نئے نظام کے تحت قائم کئے گئے اراضی ریکارڈ سنٹر پہنچے اور سنٹر کا دوہ کیا۔ وزیراعلیٰ سے چین کے صوبے ژی جیانگ کے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے سیکرٹری ہوانگ ژی گینگ کی قیادت میں سرمایہ کاروں اور بزنس مینوں کے 21 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چین اور پاکستان خصوصاً پنجاب کے درمیان تجارتی، معاشی اور کاروباری تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں انڈسٹریل پارک کے قیام کے منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں قدرتی آفات سے موثر انداز سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز اور اقدامات پر غور کیاگیا۔ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میجر جنرل اصغر نواز نے مختلف تجاویز اور اقدامات پر بریفنگ دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصانات کوکم سے کم سطح پر رکھنے کیلئے پیشگی اور موثر اقدامات ضروری ہیں۔ شہباز شریف سے امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصاً توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سے وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات نے بھی ملاقات کی۔
طبی سہولتوں کیلئے دئیے وسائل ضائع نہیں ہونے ودینگے :شہباز شریف
Mar 22, 2016