لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مقصد کتنا ہی اچھا کیوں نہ ہو‘ غیر ملکی فنڈنگ پر حکومتوں کا مؤثر کنٹرول ہونا چاہیے۔ بھارت میں ایک ٹی وی انٹرویو میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے فروغ میں غیرملکی فنڈنگ کا بنیادی کردا رہے۔ دہشت گردی اژدھا ہے تو فرقہ واریت، تنگ نظری، عدم برداشت کے رویے سانپ ہیں۔ یہی سانپ دہشت گردی کے اژدھا میں تبدیل ہوئے ۔ تنگ نظری کے خاتمے کیلئے صوفی ازم کا فروغ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان اور بھارت نے 70سال ایک دوسرے کو دشمن سمجھتے اور کہنے میں گزار دیئے۔ دونوں ملک بطور دشمن ہمسایہ زندہ نہیں رہ سکتے۔ دونوں طرف کے کروڑوں مسلمان اور عوام خوشگوار تعلقات کے آرزو مند ہیں۔ دونوں طرف کی حکومتوں کو اس کا ادراک ہونا چاہیے۔ سربراہ عوامی تحریک نئی دہلی میں منعقدہ چار روزہ عالمی صوفی کانفرنس میں شرکت کے بعد آج 22مارچ کوامریکہ کیلئے روانہ ہو نگے جہاں وہ ہیوسٹن میں منہاج القرآن کے زیراہتمام منعقدہ’’امن کانفرنس‘‘‘ کی صدارت کریں گے۔ طاہرالقادری نے امریکہ روانگی سے قبل نئی دہلی میں مصروف دن گزارا۔ انہوں نے پاکستان میں بارشوں اور برفانی طوفان سے ہونے والی اموات اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کریں اور ان کی بحالی کو پہلی ترجیح بنائیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے ٹیلیفون پر پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء اور سینئر رہنمائوں سے سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے حوالے سے دائر استغاثہ کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کیلئے ہم بھی آخری حد تک جائیں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے انہیں 28 مارچ کو سانحہ ماڈل ٹائون اور کرپشن پر ہونے والی اے پی سی کے انتظامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے معروف محقق‘ کالم نویس اور صحافی ڈاکٹر انور سدید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔