لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، دنیا بھر میں اسلام کو بدنام کر نے کی مذموم کوششیں کی جا رہی ہیں، امت مسلمہ کے اتحاد وتحفظ کے لئے سعودی عرب فرنٹ لائن پر کردار ادا کرے، جمعیت کی کوشش اور خواہش ہے کہ پوری دنیا میں امن قائم ہو اور غریب عوام کو ان کے حقوق حاصل ہوں مسلمانوں کے لئے مذہبی رواداری وقت کی ایک ضرورت ہے، بحرین حکومت مذہبی رواداری اور قیام امن کے لئے جو اقدام کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہیں، بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے محبت اور جس جذبے کا اظہار کیا ہے قابل ستائش ہے۔ ترجمان مولانا محمد امجد خان کے مطابق وہ بحرین میں مختلف تقریبات سے خطاب اور وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم میں امن کو فروغ دینے اور سلامتی کو پھیلانے کے لئے حکومتی قومی اور جماعتوں کی سطح پر مذہبی رواداری کو عام کرنا وقت کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے اور ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو اس حوالے سے خصوصی تعلیم دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں امن کا قیام خلیجی ممالک خصوصا سعودی عرب میں امن سے وابستہ ہے، امت مسلمہ آج بڑے کرب سے گزر رہی ہے، تمام تر مصائب کے باوجود مسلمان کو پیغام رحمت کو عام کرنے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔