ماسکو (آئی این پی)روس نے 14 اپریل کو ماسکو میں افغانستان کے موضوع پر ہونے والے مذاکرات میں امریکہ کو بھی مدعو کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے 14 اپریل کو ماسکو میں افغانستان کے موضوع پر ہونے والے مذاکرات میں امریکہ کو بھی مدعو کیا ہے۔ صدر ولادیمر پیوٹن کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان زامر قبولوف نے پریس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ ماہ فروری میں افغانستان کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں تمام علاقائی ممالک نے شرکت کی تھی۔14 اپریل کو اسی موضوع پر ہونے والے اجلاس میں وسطی ایشیا کے 5 ممالک اور امریکہ کے نمائندوں کو دعوت دی گئی ہے۔ امریکہ سے ہماری اس دعوت کا فی الحال کو ئی جواب نہیں ملا۔ طالبان اس اجلاس میں شریک نہیں ہونگے۔ واضح رہے 15 فروری میں ماسکو میں منعقدہ اجلاس میں پاکستان، روس، چین، ایران، ہندوستان اور افغانستان کے حکام نے شرکت کی تھی لیکن 14 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں 12 ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔