کراچی: چائنہ کٹنگ کیس میں کے ڈی اے کے تین افسر اشتہاری قرار

کراچی (نوائے وقت نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ سے متعلق کیس میں احتساب عدالت نے کے ڈی اے کے تین افسران کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت میں کے ڈی اے افسران کے خلاف چائنا کٹنگ سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی نامزد ملزموں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے لہٰذاملزمان کو اشتہاری قرار دیا جائے۔ عدالت نے کے ڈی اے کے تین افسران کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کاحکم دے دیا۔ ملزموں میں محمد عارف خان، سید آصف علی شاہ اور ناصر حسین شامل ہیں۔ ریفرنس میں شریک ملزم شاکر لنگڑا، فیروز بنگالی و دیگر پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔ نیب کے مطابق ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ کی اور قومی خزانے کو 168 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

ای پیپر دی نیشن