طیبہ کو 2 ماہ کیلئے ایس او ایس ویلج منتقل کرنے کا حکم‘ ہم بچی کے والدین ہیں: چیف جسٹس

Mar 22, 2017

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے پاکستان سویٹ ہوم میں مقیم طیبہ کو 27 مارچ سے 2 ماہ کیلئے ایس او ایس ویلج منتقل کرنے کا حکم جاری کردیا ہے جبکہ مزید سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم بچی کے والدین ہیں اس کی بہترین پروش کے لئے ہر اقدام کرینگے۔ ہماری بچی ہے ہماری مرضی جہاں چاہیں رکھیں، سویٹ ہومز اور ایس او ایس کا تقابلی جائزہ لیں گے، اور بچی طیبہ کو بلا کر اس کی مرضی بھی پوچھیں گے، اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔ سردار اسلم ایڈووکیٹ نے کہا کہ کیس ہائی کورٹ شفٹ کردیا گیا ان کا رائٹ آف اپیل متاثر ہوا، چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ کیس کا جو بھی فیصلہ کرے آپ اس کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں عدالت کسی کی اپیل کا حق غصب نہیں کرے گی۔ طیبہ کے والدین کیس کی پیروی کیلئے تیار نہیں۔ ایس او ایس ویلج کی وکیل نے کہا کہ طیبہ کو ان کے حوالے کردیا جائے وہ بہتر پروش کرسکیں گے جبکہ پاکستان سویٹ ہوم کی نمائندہ خاتون نے کہا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ سے طیبہ ان کے ساتھ ہے اسے کوئی تکلیف نہیں وہ ہم سب سے مانوس ہوچکی ہے اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سویٹ ہومز میں کوئی کوتاہی نہیں۔

مزیدخبریں