اسلام آباد (صباح نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری اور سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی میں تکرار اور تو تو میں میں ہو گئی، پی ٹی آئی رہنما نے پرویز مشرف کی حمایت کی تو سینئر سیاستدان شریف برادران کے حق میں کھل کر بولے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں فواد چودھری نے کہا پرویز مشرف جھوٹ نہیں بولتے تھے، نواز شریف کے ساتھی پکے جھوٹے ہیں۔ جاوید ہاشمی بولے، نواز شریف ملک سے باہر نہیں جانا چاہتے تھے، مشرف ڈیل کے مجرم ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما بولے جمہوریت کا درس دینے والے جاوید ہاشمی ضیا کی کابینہ کے پہلے وزیر تھے۔ سینئر سیاستدان نے بتایا شیخ رشید نے پائوں پکڑ کر کہا تھا ضیاء الحق کی کابینہ میں وزیر بن جائو۔ جاوید ہاشمی نے عمران خان پر بھی خوب تنقید کی اور کہا وہ اپنے بچوں کو پاکستان لائیں۔ فواد چودھری نے کہا جاوید ہاشمی جب پی ٹی آئی میں تھے تو صورتحال مختلف نہیں تھی۔