اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی‘ سابق ڈائریکٹر حج راؤ شکیل اور سابق وفاقی جوائنٹ سیکرٹری راجہ آفتاب کے خلاف حج کرپشن کیس کا 66 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ گزشتہ روز جاری کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی اسے شواہد پیش نہیں کئے جس سے ملزم قصور وار ثابت ہوں‘ الزامات ثابت نہ ہونے پر ملزموں کو شک کا فائدہ دیا گیا۔ تفتیشی افسر نے ایسی کوئی ریکوری نہیں کی جس سے جرم ثابت ہو۔ ملزموں کے خلاف کمشن وصولی کے ثبوت بھی نہیں دیئے گئے۔ کرائے پر لی گئی عمارتوں کے مالکان سے کمشن وصولی ثابت نہیں ہوئی۔ سعودی عرب سے پاکستان غیر قانونی رقم منتقلی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں‘ ثابت نہیں ہوا کہ اثاثے غیر قانونی یا سعودی عرب سے حاصل رقم سے بنائے گئے۔ کیس حج پالیسی 2010ء کی خلاف ورزی پر منحصر ہے لہٰذا عدالت ملزموں کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیدتی ہے۔