لاہور (این این آئی) وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت 7 لاکھ 64 ہزار 153لوگوں کو اب تک قرض کی سہولت دی گئی ہے قرض کی رقم مختلف منصوبوں کیلئے جاری کی گئی جن میں نوجوانوں کیلئے بزنس سکیم، بلاسود قرضہ سکیم، نوجوانوں کی ترقی کیلئے پروگرام، ذہین طلباء طالبات کیلے لیپ ٹاپ سکیم، کم ترقی یافتہ اضلاع کے طلباء طالبات کیلئے فیس واپسی سکیم اور نوجوانوں کیلئے ٹرنینگ سکیم شامل ہیں۔ وزیراعظم کی بلاسود قرض سکیم کے تحت پاکستان کے غریب لوگوں نے بھر پور فائدہ اُٹھایا اوردو لاکھ 61 ہزار 71 لوگوں نے پانچ ارب سے زائد کا قرضہ لیا۔ قرض لینے والوں میں 62 فیصد خواتین شامل ہیں۔ قرض لینے والوں نے کامیابی کے ساتھ اپنے کاروبار کو ترقی دی اب وہ نہ صرف اپنے خاندان کیلئے حصول آمدن کا ذریعہ ہیں بلکہ آسان اقساط میں حکومت کو قرض واپس کر رہے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت فائدہ اُٹھانیوالے54000 لوگوں نے بھی اس سکیم سے قرض لیا۔ توقع ہے 30 جون2017 تک تین لاکھ لوگوں کو قرض کی فراہمی کا ٹارگٹ با آسانی پورا کر لیا جائیگاجس سے نہ صرف ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا بلکہ یہ لوگ قومی ترقی میں بھی بھر پور کردار ادا کر سکیں گے۔ اسکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 75000 نوجوان ٹرنینگ مکمل کر چکے ہیں جن میں سے اکثر کو ملازمتیں مل گئی ہیں یا وہ اپنا کاروبار شروع کرکے روزی کما رہے ہیں اس پروگرام کے تحت مزید ایک لاکھ نوجوانوںکو جون2017 تک ٹرنینگ دی جائیگی تاکہ وہ روز گار حاسل کرسکیں، نوجوانوں کیلئے بزنس قرضہ سکیم کا جائزہ لیں تو پڑھے لکھے 17045 نوجوان اب تک اس سکیم کے تحت17-ارب سے زیادہ کا قرض لے چکے ہیں ان نوجوانوں نے نہ صرف اپنے نئے کاروبار شروع کیے بلکہ چھوٹے کاروباروں کو وسعت دے کر معقول آمدن کما رہے ہیں اس سیکم کے تحت 94فیصد نوجوانوں نے کامیابی کے ساتھ قرض لی گئی رقم واپس کی ہے یا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم لیپ ٹاب سکیم کے تحت اب تک پی ایچ ڈی ایم فِل، ماسٹرز اور بیچلرز پروگرام کے طلبا و طالبات میں دو لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ جون2017 تک مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ ملک کے اٹھارہ بنک قرض کی سہولت فراہم کر رہے ہیں اور طریقہ کار انتہائی آسان ہے۔ قرض فارم کی قیمت صرف 100روپے ہے جِسے پرکرکے بنک میں جمع کرانا ہوتا ہے۔