اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) شیخ رشید احمد نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو 90دن کیلئے جوڈیشل مارشل لاءلگانے کا مشورہ دےا ہے اور کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم پر عمران خان کی آشیرباد نہیں ہوگی وہ قبول نہیں کےا جائے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں میرے نہ ہونے کی وجہ سے معاشی اور سیاسی بحران آرہا ہے، وہ کہتے ہیں کہ اگر میں نہیں ہوں تو کوئی یہ ملک نہیں چلا سکتامیں پوچھتا ہوں کہ وہ کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں ملک میں کس کی حکومت ہے، نواز شریف نے احتساب عدالت کے باہر مجھ پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں معاملہ کورٹ میں ہے اس لئے اس پر نہیں بو ل سکتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار 90دن کیلئے جوڈیشل مارشل لاءلگادیں، آنے والے دنوں میں پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ عبوری حکومت اور اسکی کابینہ ہے، نگران وزیراعظم اور حکومتیں لوگوں کے معیار کے مطابق ہونی چاہئیں۔ صدرمملکت کو بھی اسی سال ریٹائر ہونا ہے، صدر کی عدم موجودگی میں چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی قائم مقام صدر ہوں گے اور سلیم مانڈوی والا چیئرمین سینٹ بن جائیں گے نواز شریف کی خواہش تھی اگر چیئرمین سینٹ ان کا بن جاتا تو وہ صدر ممنون حسین کو اگلے پانچ سالوں کیلئے صدر منتخب کرا لیتے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دورہ امریکہ مشکوک ہے، وزیراعظم بغیر سٹاف ملٹری سیکرٹری، سیکرٹری خارجہ کی عدم موجودگی میں امریکی حکام سے کس حیثیت میں ملتے رہے، وزیر اعظم کے جہاز پر وزیر خزانہ ملک سے بھاگ جاتے ہیں،یہ سمجھتے ہیں کہ این آراو آئے گا، میرا خیال ہے ایسا کچھ نہیں ہوگا، آئندہ الیکشن کا فیصلہ ملک کے عوام کریں گے۔
شیخ رشید