کراچی(نیوز رپورٹر) سجادہ نشین مزار شریف جنید بغدادی علامہ السید علی طارق محمود الرفاعی ال حنفی نے کہا کہ پاکستان سمیت ہر اسلامی ملک اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے۔ پاکستان صوفیائے اسلام کی سرزمین ہے جن کی تعلیمات و ہدایات سے ہی اسلام پھیلا ہے آج شدت کے ساتھ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا بھر کے علماء و مشائخ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر مسلمہ امہ کے تحفظ کیلئے عملی جدوجہد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن جمال میں محفل میلاد مصطفی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میں حاجی محمد حنیف طیب‘ مفتی عبد اللہ مدنی‘ ملک محمد حسین القادری نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ محفل میں قاضی نور الاسلام شمس‘ قاری افضل حسین‘ ملک عامر سلطانی‘ محمد احمد صدیقی‘ عامر رحمانی‘ پیرک مال میاں سلطانی‘ مفتی کمال الدین رضوی‘ محمد حسین لاکھانی‘ ملک عامر قادری‘ پیر مختار حسین صدیقی‘ قاری غلام محمد‘ طارق طلعت محمود‘ حاجی امداد حسین جتوئی‘ ابراہیم باپو عطاری کے علاوہ علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ علامہ السید علی طارق محمود الرفاعی الحنفی نے کہا کہ محبت و رواداری‘ حسن سلوک و خدمت خلق صوفیائے کرام کا مشن ہے۔ حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ مغربی دنیا کتوں کی محافظ ہے جس کو مارنا جرم ہے لیکن بے حس عالمی ضمیر نام نہاد حقوق انسانیت کے محافظ شام میں مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔