راولپنڈی (جنرل رپورٹر)اکلوتے بیٹے کے دل میں سوارخ ہونے کی وجہ سے پھیپھڑے وگردے ناکارہ ہوچکے ہیں ، غربت کے باعث بیٹے کا علاج کروانے کی سکت نہیں رہی ، ساری جمع پونجھی بیٹے کی صحت پر لگا چکی ،اب کوڑی کوڑی کو محتاج ہونے کے بعد انتہائی بے بسی میں ہاتھ جوڑ کر منت کرتی ہوں کہ کوئی مسیحا آئے اور بیٹے کو بچالے۔ راولپنڈی کے علاقے شالے ویلی ،رینج روڈ، قاسم مارکیٹ کے مکان نمبر CB-245میں رہائش پذیر رخسانہ خالد زوجہ خالد محمود نے بتایاکہ میرے بیٹے عبدالرحمن کے دل کے وال میں لیکج ہے جس کی وجہ سے بیٹے کے پھیپھڑے اور گردے ناکارہ ہوگئے ، ہفتے میں دوبار ڈائیلاسز ہوتے ہیں اور ڈاکٹرکہتے ہیں کہ پہلے پھیپھڑوں کا ٹرانسپلانٹ ہوگا، جس کے بعد دل کاآپریشن اورپھر گردہ تبدیل ہو گا ،پاکستان میں کوئی میڈیسن ایسی نہیں جو بیٹے کے علاج میں معاون ثابت ہوسکے اور بیٹے کا علاج اب بیرون ملک ہی ممکن ہے جس کے لئے ڈاکٹر دس کروڑ روپے کا خرچا بتاتے ہیں،اس وقت بیٹے کو خون کی الٹیاں شرو ع ہوگئی ہیں اور اس کی ناک سے بھی خون بہتاہے جس کے علاج کے لیے فوری طورپر تین لاکھ روپے کی ضرورت ہے ، گھر میں صرف میں اور بیٹے کے بزرگ و بیمار والد بچے ہیں اگر ہماری قیمت لگ سکتی ہے تو ہم دونوں میاں بیوی اپنے بیٹے کی زندگی کی خاطر خود کو بیچنے کے لیے تیارہیں ، وزیر اعظم عمران خان اور انکی اہلیہ سے اپیل کرتی ہوں کہ خدارا میری مدد کریں اور میرے بیٹے کو بچالیں اسکا علاج کروادیں ، دکھ کی اس گھڑی میں میرے اپنے بھی بیگانے ہوچکے ہیں اگر کسی کے پاس جائیں تو سمجھتے ہیں کہ بھیک مانگنے آگئی ہوں ، اپنے ملک اور وزیراعظم سے ہاتھ جوڑ کر مددکی درخواست گذار ہوں خدارا اللہ کے رسول ﷺکے صدقے اوروسیلے کوئی میری مدد کردے