لاہور، کرائسٹ چرچ (این این آئی) نیوزی لینڈ میں مقامی افراد نیشنل سکارف ڈے کی مہم چلا رہے ہیں۔ اور لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ جمعہ کے روز مسلمان خواتین سے اظہار یکجہتی کے لیے حجا ب پہنیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہیڈ سکارف ہارمنی موومنٹ کے نام سے گروپ نے کہا کہ سکارف ڈے منانے کا مقصد کرائسٹ چرچ حملوں کے بعد مسلم کمیونٹی کو درپیش دکھ اور غم کو محسوس کرنا اور بانٹنا ہے۔ ٹویٹر اور دوسرے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بہت سارے گروپ مختلف جملوں کے ساتھ مہم چلا رہے ہیں اور نیوزی لینڈ کے لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں جمعہ کے روز حجاب پہنیں۔ علاوہ ازیں کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر کیے گئے حملوں میں شہید ہونے والے 34 سالہ سید جہانداد علی کی اہلیہ اپنی دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کے ہمراہ اپنے خاوند کا آخری دیدار کرنے کیلئے نیوزی لینڈ روانہ ہوگئیں۔ آمنہ جہانداد نے بی بی سی کو بتایا کہ سید جہانداد علی 24 مارچ کو پاکستان آرہے تھے اور 30 مارچ کو ہم سب نے واپس نیوزی لینڈ جانا تھا۔ ہمارے ٹکٹ بھی ہوچکے تھے۔