ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کے بل پر نظر ثانی کر رہے ہیں، جلد فیصلہ ہوگا: عثمان بزدار

Mar 22, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ورلڈ فارسٹ ڈے پر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت چھانگا مانگا فارسٹ پارک میں سکول کے بچوں کے ساتھ پودے لگائے اور شجر کاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔ عثمان بزدار نے جنگلی حیات کے فروغ کیلئے پاڑہ ہرن اور ریگی باز بھی آزاد کیے۔ فارسٹ پارک میں ریشم کے کیڑوں کی پرورش کے طریقہ کار کا بھی معائنہ کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ورلڈ فارسٹ ڈے کی مناسبت سے مختلف اقسام کے8لاکھ پودوں کی شجر کاری کی گئی ہے۔ رواں موسم بہار میں مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ پودے لگا ئے جائینگے۔ پاکستان کو صاف اور سر سبز و شاداب بنائیں گے۔ تجاوزات کیخلاف مہم کے دوران چھانگا مانگا جنگل کی200ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ چھانگا مانگا میں وائلڈ لائف پارک کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی شکار اور خرید و فروخت کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ملک کی معاشی صورتحال بہتر نہیں۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر قائم ہوٹلز اور ریسٹورنٹس پر کھانے پینے کی اشیاء کی چیکنگ ہو گی اور مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے کھانے کے معیار کو چیک کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ مسافروں اور سیاحوں کو غیر معیاری کھانا فراہم کرنے والے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ غیرمعیاری کھانے فروخت کرنے وا لے عناصر رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت بلاتفریق کارروائی کی جائے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری مہم میں کوئی دبائو خاطر میں نہ لایا جائے۔ دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ورلڈ واٹر ڈے پیغام میں کہا ہے کہ پانی کے کم ہوتے ذخائر کو محفوظ بنانا قومی ذمہ داری ہے۔ پانی بچانا ہر شہری کا قومی اور مذہبی فریضہ ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت آنے والی نسلوں کیلئے نئے آبی ذخائر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

مزیدخبریں