آپ نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے، عمران کا نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو فون

اسلام آباد/ ویلنگٹن (خصوصی نمائندہ ،نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا‘ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی حکام کی طرف سے حملے کا ردعمل بہترین انداز میں دیا گیا‘ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مسلمانوں کیلئے جس احترام کا اظہار کیا‘ پاکستانی عوام اور حکومت آرڈرن کے جذبہ ہمدردی پر ان کے شکر گزار ہیں‘ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے فیصلوں نے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں‘ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم پاکستان کی دعوت دی،جو نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے قبول کر لی ،زیراعظم نے کہا کہ آپ نے مسلم کمیونٹی کیلئے بہت عزت و احترام کا مظاہرہ کیا۔ اور دیگر عالمی رہنمائوں کو درست سمت دکھائی۔پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑا ہے۔ جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ سانحہ کے بعد نیوزی لینڈ شدید صدمے میں ہے۔ جیسنڈا نے کہا کہ خودکار اور نیم خودکار اسلحہ پر پابندی لگا دی ہے۔ نیوزی لینڈ پاکستانیوں کی قربانیوں کو سراہتا ہے۔ نعیم رشید کی بہادری کے معترف ہیں۔ نیوزی لینڈ کی مسلم کمیونٹی کو تحفظ کا یقین دلاتے ہیں۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ کی مساجد پر گزشتہ جمعے ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے تمام 50 افراد کی شناخت کرلی گئی۔نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالمالک کے مطابق 9 پاکستانیوں میں سے 7 کی میتیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں شہید ہونے والے نعیم اور ان کے بیٹے طلحہ کی میتیں بھی جلد ورثاء کے سپرد کردی جائیں گی۔مساجد حملے میں شہید کراچی کے سید اریب احمد کی نماز جنازہ کرائسٹ چرچ میں ادا کر دی گئی جب کہ ان کی میت آئندہ ہفتے پاکستان لائی جائے گی۔مساجد میں فائرنگ سے شہید 9 میں سے 8 پاکستانی شہداء کی تدفین نیوزی لینڈ میں ہی ہوگی۔دوسری جانب کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا شکار النور مسجد کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے جہاں آ ج نماز جمعہ کی ادائیگی ہوگی۔ علاوہ ازیں کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے نیم خود کار اسلحے پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کے پاس پہلے سے موجود اسلحہ کی واپسی کے لیے ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ فوجی طرز کے نیم خودکار اسلحے پر پابندی ہوگی اور حملوں میں استعمال ہونے والے اسلحے کی فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔ اسلحے پر پابندی کے لیے قانون سازی فوری طور پر کی جائے گی اور اس وقت تک اسلحے کی خریداری روکنے کے لیے عبوری اقدام اٹھایا گیا ہے۔ اسلحہ کی واپسی پر 100 سے 200 ملین ڈالر تک اخراجات آئیں گے اور سکیم کے دوران اسلحہ واپس نہ کرنے والوں کو سخت سزا کا سامنا ہوگا۔ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 4 ہزار ڈالر جرمانہ اور 3 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی.اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے گیس کی اووربلنگ کے خلاف جاری تحقیقات کو تیز کرنے اور عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے ہیں،غلام سرور خان نے واضح کیا کہ عوام سے زائد گیس بل وصولی کی ایک ایک پائی عوام کو ہر قیمت پر واپس دلوائی جائے گی ،مزیدبرآں 30 جون تک صارفین کے کیسز کی تصدیق کی جائے گی اور ان کو زائد رقم واپس کی جاے گی۔انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کے ذمہ داران کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا اور کڑی سزا کے عمل سے کوئی بھی بچ نہیں پائے گا ۔مزید برآں ایک بیان میں وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے 5 بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کر لی ہے.سوئی ناردن گیس ،سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، او جی ڈی سی ایل ،پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ مکمل کر لئے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے 5 بورڈز میں صوبوں اور خواتین کو نمائندگی دے کر تاریخ رقم کی ہے تمام ڈائریکٹرز غیر سیاسی بنیادوں پر رکھے گئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان سے خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم عمران خان سے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بھی ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے کرکٹ کے فروغ کیلئے جاوید آفریدی اور دیرن سیمی کی کوششوں کی تعریف کی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...