لاہور (کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے روز مرہ کے استعمال کی 300سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے حکومت کی جانب سے 2 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکیج منظور ہونے کے بعد گھی، چائے اور مشروبات سمیت روز مرہ کی کئی اشیاء کی قیمتوں میں 4 سے 175 روپے تک اضافہ کیا ہے۔کوکنگ آئل کے مختلف برانڈ میں 9 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا ہے جب کہ گھی 5 روپے فی کلو تک مہنگا کردیا گیا۔اس کے علاوہ چائے 6 روپے سے 65 روپے اور مشروبات کی قیمتوں میں 7 روپے سے 21 روپے تک اضافہ کیا گیا جب کہ کیچپ 4 روپے سے 24 روپے اور ٹوتھ پیسٹ 5 روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے۔کپڑے دھونے کا ڈٹرجنٹ پاوڈر 9 روپے سے 30 روپے، مختلف برانڈ کے شیمپو 30 روپے سے 40 روپے اور جوتوں کی پالش 10 روپے تک مہنگی کردی گئی۔ قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہوگیا ۔ گزشتہ 8 ماہ سے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا کی سپلائی بند ہے جس میں آٹا، آئل ،گھی ، چینی ،دالیں ،چائے ،جام جیلی سمیت دیگر اشیا شامل ہیں ۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے حکام نے بتایا کہ یوٹیلٹی سٹوروں کی سالانہ سیل 8ارب روپے کے لگ بھگ تھی جو سٹاک کی سپلائی بند ہو نے کے باعث 32کروڑ روپے ماہانہ پر پہنچ گئی ہے۔ اگر حکومت نے یوٹیلٹی سٹوروں پر سپلائی بحال نہ کی تو اس رمضان میں لوگوں کو اشیاء نہیں ملیں گی۔ شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت 5روپے اضافے سے 238روپے، زندہ برائلر مرغی3روپے اضافے سے 164روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 89روپے فی درجن پر مستحکم رہی۔ لاہور میں پرچون سطح پر 6پھلوں کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافہ ہوا سرکاری اعدادو شمار کے مطابق ایک کلو سیب کالاکولو کی قیمت 3روپے اضافے سے 136روپے،ناریل فی عدد کی قیمت 6روپے اضافے سے 152روپے مسمی درجن اول کی قیمت 5روپے اضافے سے 126روپے ،بیر کی قیمت 6روپے اضافے سے 53روپے،امرود کی قیمت 2روپے اضافے سے 53روپے اور ایک کلو خربوزہ کی قیمت 4روپے اضافے سے 62روپے ہو گئی ہے۔
رمضان پیکج کے بعد: یوٹیلیٹی سٹورز پر 300 اشیا 175 تک مہنگی: بازار میں سبزیوں، پھلوں کے نرخ بڑھ گئے
Mar 22, 2019