اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ آصف زر داری اور بلاول بھٹو زر داری کی پیشی کے موقع پر نیب کے دفتر کے باہر کے واقعہ کا سارا ریکارڈ مل چکا ہے جائزہ لے رہے ہیں،ریاست کسی لیول پر بلیک میل نہیں ہو گی ،آئین قانون کے مطابق ایکشن ہو گا۔وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملکی سلامتی اور امن کیلئے وزارت داخلہ کا کلیدی رول ہے،آئین اور قانون کے تحت ہر کسی کو احتجاج کا حق حاصل ہے۔انہوںنے کہاکہ کرپشن کیخلاف احتجاج کیا مگر قانون نہیں توڑا ۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی جماعت نے قانون توڑا جس کا پاکستان کے آئین میں اہم کردار ہے،ریاست کسی لیول پر بلیک میل نہیں ہو گی ،آئین قانون کے مطابق ایکشن ہو گا،قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ قانون وزیر اعظم اور کابینہ سب پر لاگو ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نیب کے دفتر کے باہر کے واقعہ کا سارا ریکارڈ مل چکا ہے جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں ہمیں ایک مہذب طریقے سے معاملات کو حل کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول نے جو کچھ کل کہا اس سے پہلے کیا کچھ کہا یہ کس کے لئے بات کی گئی ۔ آئین اور قانون کے مطابق سب کے خلاف ایک برابر کارروائی کی جائے گی،اگر وزیر اعظم نیب پشاور میں پیش ہو سکتے ہیں تو یہ کیوں نہیں پیش ہو سکتے۔