رائے ونڈ (نامہ نگار) کلین اینڈ گرین لاہور مہم چوتھے روز میں داخل چکی ہے ،اسی سلسلہ میںڈی سی لاہورصالحہ سعید نے شجر کاری مہم کے دوران خودپور گائوں میں قبضہ گروپ سے واگزار کرائی گئی 87 کنال اراضی پر پودے لگانے کے عمل کا آغاز کیا۔ اس موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی لاہور صالحہ سعید کا کہنا تھا کہ ہمارا عزم ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔ شجرکاری ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ خود پورہ میں 87 کنال زمین پر کل 2500 پودے لگائے جائیں گے۔اسسٹنٹ کمشنر شاہد محبوب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خود پور میں مذکورہ سرکاری اراضی عرصہ دراز سے بااثر قبضہ گروپ کے زیر استعمال تھی ، جس کو حکومت کے حالیہ اینٹی تجاوزات آپریشن کے دوران کامیابی سے واگزار کروایا گیا ،انہوں نے بتایا کہ علاقہ میںا بھی مزید کافی جگہ خالی کروانی ہے۔ ،انہوں نے کہا کہ واگزار کروائی گئی اراضی کوفوری طور پر استعمال میں لایا جائے گا تاکہ وہاں دوبارہ قبضہ نہ ہوسکے ،انہوں نے کہا کہ پہلے روز 250پودے لگائے گئے ہیں جس کے بعد آئندہ دنوں 2500پودے لگانے کا ٹارگٹ پورا کیا جائے گا ۔ تحریک انصاف کے رہنماء چودھری خالد محمود گجر نے کہا کہ سابقہ ا دوار میں منظور نظر افراد کو زمینوں پر قبضے کرواکر ووٹ اور نوٹ حاصل کئے جاتے رہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے الحمرہ ہال میں کلین اینڈ گرین مہم کے تحت رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کلین اینڈ گرین سیمینار میں سینیٹر ولید اقبال‘ڈی سی لاہور صالحہ سعید ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ ،معروف فنکار توقیر ناصر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اویس ملک۔ایڈمن آفیسر پروٹوکول عاصم سلیم۔اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ شاہد محبوب سمیت دیگر نے شرکت کی ۔
شجرکاری ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں مددگارثابت ہوگی:صالحہ سعید
Mar 22, 2019