وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک غریب نہیں ہوتا کرپشن اسے غریب کردیتی ہے‘ بدعنوانی انسانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے‘ ہر ملک معاشی طور پر مضبوط ہونے کی کوشش کررہا ہے‘ پاک ملائیشیا تجارت بڑھانے کے مواقع موجود ہیں‘ اس وقت دنیا میں ایک بھی مسلم ملک ترقی یافتہ نہیں‘ دوسر ے ممالک کو اپنی ترقی پر توجہ دینا ہوگی‘ بین الاقومی دنیا مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہے‘ دنیا کو مسلمانوں سے متعلق اپنا نقطہ نظر تبدیل کرنا ہوگا‘اسلام فوبیا نے مسلم امہ کو نقصان پہنچایا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کا دورہ پاکستان ہمارے لئے اعزاز ہے ملائیشیا مسلم دنیا کیلئے مادل کے طور پر ابھرا ہے۔ اسلام فوبیا نے مسلم امہ کو نقصان پہنچایا ہے دہشت گردی نے اسلامی ممالک کو متاثر کیا ہے ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کرپشن پر سٹینڈ لیا ہماری جماعت نے بائیس سال قبل کرپشن کے خلاف جنگ شروع کی کرپشن سے ملک غریب ہوتے ہیں اور ادارے تباہ ہوتے ہیں۔ بدعنوانی انسانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اسلامی دنیا میں دو شخصیات نے تاریخ رقم کی جس میں ایک ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں اور دوسری شخصیت طیب اردوان ہیں۔ پاکستا ن کے لئے یہ د ونوں مثال ہیں ان کے تجربات سے ہم فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ پاکستان اس وقت معاشی مسائل سے گزر رہا ہے جس کے لئے ملائیشیا کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ملائیشیا سالانہ سیاحت سے بائیس ارب ڈالر کماتا ہے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے ملائیشیا کے ماڈل سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔ دورہ پاکستان میں کئی معاملات پر گفتگو ہوئی۔ کئی ایشوز پر دونوں ممالک میں تعاون بڑھ سکتا ہے۔ آج ہر ملک معاسی طور پر مضبوط ہونے کی کوشش کررہا ہے۔ دونوں ممالک میں مزید تجارت بڑھانے کے مواقع موجود ہیں جن کا فائدہ اٹھائیں گے۔ دونوں ممالک کے تاجر سرمایہ کاری کے لئے مواقع تلاش کریں گے۔ کرپشن کی وجہ سے ممالک غریب ہوتے ہیں ملکی دولت آف شور کمپنیوں میں رکھی جاتی ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے کئے گئے اقدامات سے پاکستان کو آگاہ کریں گے۔ اس وقت دنیا میں ایک مسلم ملک بھی ترقی یافتہ نہیں ہے۔ دوسرے ممالک کو بھی اپنی ترقی پر توجہ دینی ہوگی۔ بین الاقوامی دنیا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے نیوزی لینڈ سانحہے میں نو پاکستانی اور تین ملائیشیا کے شہری شہید ہوئے۔ دنیا کو مسلمانوں سے متعلق نقطہ نظر کو تبدیل کرنا ہوگا۔ ہمیں اسلام فوبیا کے بڑھتے اثرات کو کم کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہونگے۔
ملائیشین وزیراعظم مہاتیرمحمداورطیب اردوان مسلم دنیامیں ترقی کی اہم مثال ہیں ، عمران خان
Mar 22, 2019 | 14:31