لاہور(صباح نیوز)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے چیئرمین بیت المال ملک اعظم سے ملاقات کی جس میں لاک ڈائون کی صورت میں مفت راشن مہیا کرنے پر مشاورت کی گئی۔فیاض الحسن چوہان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت اور انتظامیہ عوام کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، مخیرحضرات اور فلاحی اداروں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے این ڈی ایم اے کے زیر انتظام8 ارب روپے کا فنڈ قائم کر دیا ہے، جبکہ ایکسپو سینٹر لاہور میں 1000 بیڈز پر مشتمل فیلڈ ہسپتا ل قائم کیا جا رہا ہے۔ قرنطینہ میں مقیم لوگوں اور ان کے خاندانوں کو راشن مہیا کرنا شروع کر دیا ۔ ڈاکٹرز اور دیگر میڈیکل اسٹاف کیلئے خصوصی پیکج پر کام کیا جا رہا ہے۔ تمام ہیلتھ پروفیشنلز کی حفاظت حکومت کی ترجیح ہے۔