لاہور(سپیشل رپورٹر)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ کروناوائرس عالمی وبائ،ہرشہری احتیاط سے کام لے۔ اس سے انسانی جان کو خطرہ ہے۔ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت بچانے کے مترادف ہے۔ ہمیں دستیاب اسباب کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اپنانا چاہیے۔ یہ اللہ کی طرف سے امتحان ہے اور اللہ سے ہی رجوع کرنا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں خود سمیت دوسروں کو بچانا بھی لازم ہے، کرونا کیخلاف اللہ کی بارگاہ میں کھڑا ہونا ہوگا۔ شریعت جدید سائنس، توکل اور میڈیکل کے خلاف قطعی نہیں، ہر دور کے موجودہ اسباب کو استعمال میں لانا اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ کرونا وائرس کی وبا پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے روک تھام کے لئے عوام کو حکومتوں کا ساتھ دینا ہوگا، حکومت کی جانب سے جو بھی اعلانات کئے جارہے ہیں عوام ان پر مکمل عمل کرے تاکہ کرونا جیسی آفت سے نمٹا جا سکے۔ کرونا وائرس کو مزید بڑھنے سے نہ روکا گیا تو حالات انتہائی خراب ہوسکتے ہیں۔
کروناوائرس ،ہرشہری احتیاط سے کام لے:ڈاکٹرراغب نعیمی
Mar 22, 2020