ڈینگی کی طرح کرونا سے لڑوں گا: لاک ڈائون نہ کیا تو المیہ ہوگا، شہہباز شریف: وطن واپسی

لندن، اسلام آباد، لاہور ( عارف چودھری ‘مانیٹرنگ ڈیسک، نوائے وقت رپورٹ، نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف وطن واپس پہنچ گئے ہیں، وہ نوازشریف کی سرجری کے باعث لندن مقیم تھے۔ ان کی لندن سے اسلام آباد فلائٹ کا وقت آج (اتوار) صبح ساڑھے پانچ بجے تھا۔ وطن روانگی سے قبل انہوں نے کہا کہ وہ گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں۔ نوازشریف نے کہا ہے کہ آپ میری فکر نہ کریں اس قوم کو آپ کی ضرورت ہے۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتے ہیں۔ روانگی سے قبل انہوں نے لندن میں اپنی والدہ اور میاں نوازشریف سے ملاقات کی۔ والدہ اور بھائی نے گلے لگاکر انہیں ائرپورٹ روانہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ کرونا وائرس سے لڑنے آرہا ہوں۔ کرونا وائرس سے ایسے ہی لڑائی کروں گا جیسے ڈینگی کیخلاف کی تھی۔ لاک ڈائون نہ کیا تو بھیانک انسانی المیہ ہوگا۔ میرافرض ہے مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا رہوں۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے شہبازشریف کی وطن واپسی کی تصدیق کی تھی۔ دوسری جانبشہبازشریف نے کرونا وائرس سے انسانی زندگی کے لئے بڑھتے خطرات پر لاک ڈائون کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فی الفور لاک ڈائون کی تیاریاں کرے۔ عوام کو خوراک کی فراہمی سمیت دیگر انتظامات کو فوری حتمی شکل دی جائے ۔ عوام کی زندگی مزید خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی ۔ چین کی طرز پر پاکستان میں لاک ڈائون کرکے کرونا پر قابو پانے کے انتظامات کئے جائیں ۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے لیفٹیننٹ آغا مقدس شہید کے والد کو گزشتہ روز ٹیلی فون کیا اور لیفٹیننٹ آغا مقدس شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ آغا مقدس پوری قوم کا فخر ہے۔ لیفٹیننٹ آغا مقدس جیسے سپوتوں کی قربانیوں سے عوام چین کی نیند سوتے ہیں۔ شہباز شریف نے نئے سال کی آمد پر ایرانی قوم کو مبارکباد دی۔ ٹوئٹر پر پیغام میں شہباز شریف نے نوروز کے موقع پر ایرانی قوم کے لیے نیک تمنائوں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس مرتبہ نوروز ایسے موقع پر آیا ہے جب ایرانی قوم اور دنیا کو کرونا جیسی وبا کا سامنا ہے ،امید ہے چین کی طرح ایران اور دیگر دنیا بھی کرونا کے خلاف جدو جہد میں سرخرو ہو گی ۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے الزام عائد کیا ہے کہ شہبازشریف کو جیسے ہی فلائٹ آپریشن بند کرنے کی اطلاع ملی۔ انہوں نے وطن واپسی کا بیان داغ دیا۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں یہ پاکستان کے لوگوں کو اتنا بیوقوف کیوں سمجھتے ہیں ؟ میری وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ شہباز شریف لیڈر آف اپوزیشن ہیں ان کیلئے خصوصی اجازت دی جانی چاہئے اور 14 دن ان کو میو ہسپتال میں قرنطینہ کرایا جائے تا کہ انہیں احساس ہو کہ ہسپتال کی کیا اہمیت ہے ۔

ای پیپر دی نیشن