سراج الحق سے رابطہ، قومی مشاورت پر اتفاق: کرونا کا واحد حل لاک ڈائون: بلاول

Mar 22, 2020

اسلام آباد/ لاہور (نمائندہ خصوصی/ سپیشل رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنمائوں نے کرونا وائرس کے باعث ملک و قوم کو درپیش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، بلاول بھٹو زرداری اور سراج الحق نے موجودہ حالات میں قومی اتحاد کی اہمیت پر زور اور وسیع تر تعاون پر اتفاق کیا ، امیرِ جماعتِ اسلامی نے حکومتِ سندھ کی جانب سے مہلک وباء کی روک تھام کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے، وباء کے خلاف جنگ میں مشترکہ لائحہ عمل ناگزیر ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جماعت اسلامی کی طرف سے سندھ میں خصوصی تعاون پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قومی مفاد میں فیصلے کئے کرونا ایک قومی مسئلہ ہے ، موجودہ صورتحال میں سیاست سے بالاترہو کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی حکومت نے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا ۔ سینیٹر سراج الحق اور بلاول بھٹو نے کورونا سے بچائو کیلئے وسیع ترقومی مشاورت کی ضرورت پربھی اتفاق کیا ۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو لاک ڈائون کی جانب بڑھنا چاہئے، ہر گزرتے گھنٹے یا دن کے ساتھ اس وباء کا مقابلہ مشکل ہو تا جائے گا ، ہم پہلے ہی دیر کر چکے ہیں ، ہمیں بہت پہلے سب کرنا چاہئے تھا، اب فیصلہ کن ایکشن کی ضرورت ہے ،کوئی صوبہ اکیلا اس صورتحال سے نہیں نمٹ سکتا ہمیں لاک ڈائون کو نافذ کرنے زیادہ تعداد میں ٹیسٹ اور ضرورت مندوں کی مدد کے لئے وفاقی حکومت کی مکمل قوت کی ضرورت ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس پر قابو پانے کا واحد حل لاک ڈاؤن قرار دیدیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستا ن کو بحران میں کمی کیلئے جلد از جلد لاک ڈاؤن کا فیصلہ لینا ہوگا جب تک حکومت لاک ڈاؤن کیلئے تیار نہیں ہو جاتی عوام اپنے گھروں میں رہیں۔ جہاں ہم اچھے کیلئے پر امید ساتھ ہی بدترین کیلئے بھی تیار ہیں۔ ہمیں لاک ڈاؤن کو قابل عمل بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہئے۔ دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بدترین صورتحال پیش آئی تو ہمارا صحت کا نظام صلاحیت نہیں رکھتا۔ مسئلہ یہ نہیں کہ ہم کیا کریں گے، مسئلہ سر پر ہے کب کریں گے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کا پہلا ویڈیو لنک سی ای سی اجلاس بلانے کا اعلان کردیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس آج دوپہر ڈھائی بجے کرونا وائرس کے معاملے پر ہوگا، کرونا وائرس کے معاملے پر آل پارٹیز ویڈیو لنک کانفرنس کی تجویز دی جائے گی، کرونا وائرس کی وباء پر قومی بیانئے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لایا جائیگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کے باعث اپنی سرگرمیاں محدود کر لیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول ہاؤس کراچی کے اندر عملے کی تعداد کم کر دی گئی، اہم رابطوں کیلئے ٹیلی فون اور ویڈیو لنک استعمال کیا جائیگا۔

مزیدخبریں