پاکستان‘ نیپال سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ پر وزراء خارجہ میں تہنیتی پیغامات کا تبادلہ

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور نیپال کے درمیان سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ کمار گیاوالی میں مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ ہوا۔ تہنیتی پیغامات میں دونوں وزراخارجہ نے باہمی اعتماد، خیالات کی ہم آہنگی اور عوامی رابطوں پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور نیپال کے درمیان پائی جانے والی روایتی گرمجوشی اور خیرسگالی کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات یکساں ورثہ اور ثقافت کے رشتوں پر مبنی ہیں جس کی مثال ٹیکسلا، لمبینی اورکپل واستو کے تاریخی مقامات ہیں۔ انہوں نے مسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک نے اپنے دوستانہ تعلقات کو گزشتہ چھ سے زائد دہائیوں میں نہایت احتیاط سے پروان چڑھایا ہے اور مختلف شعبہ جات میں قریبی وکثیرالجہتی تعاون پر مبنی شراکت داری استوار کی ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے علاقائی تعاون کے لئے جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم (سارک) کے میزبان ملک کے طورپر نیپال کے کردار کو سراہا اور سارک کے تحت علاقائی تعاون کے مقصد کے فروغ کے لئے پاکستان اور نیپال کے درمیان قریبی تعاون کو اجاگرکیا۔ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ کے حوالے سے رواں سال کے دوران متعدد تقاریب بھی منعقد ہوں گی تاکہ بھرپور انداز سے اس موقع کو منایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...