کرونا وائرس : یو اے ای میں بیچز،سوئمنگ پول ،سینما گھر اور جِم عارضی طور پر بند

متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے آج اتوار سے ملک بھر میں تمام سرکاری اور نجی بیچز ، سوئمنگ پول ، سینما گھر ، پبلک پارک اور ورزش گاہیں( جِم ) دو ہفتے تک عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید نئے احکامات جاری کیے ہیں اور ریستورانوں اور کھانے پینے کی جگہوں میں بیٹھنے کی گنجائش کو 20 فی صد تک محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لوگوں کو پھر یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سماجی فاصلہ اختیار کریں اور ایک دوسرے سے دو میٹر تک دور رہیں۔ حکومت نے شہریوں پر زوردیا ہے کہ وہ تازہ ہوا میں ورزش کریں۔

ریستورانوں اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔انھیں بند نہیں کیا گیا اور انھیں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دوسری جگہوں ، دفاتر یا مکانوں میں کھانے کے آرڈر مہیا کرنے کی اجازت ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے ہفتے کے روز کرونا وائرس سے دوافراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ان میں ایک عرب شہری ہے اور یورپ کے سفر کے بعد حال ہی میں یو اے ای لوٹا تھا۔ اس کی عمر 78 سال تھی اور وہ عارضہ قلب میں بھی مبتلا تھا۔

دوسرا متوفیٰ ایشیائی باشندہ ہے،اس کی عمر 58 سال تھی۔ وہ کرونا وائرس کا شکار ہونے سے قبل مختلف دائمی امراض میں مبتلا تھا،وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھا اور اس کے جگر نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔پھر وہ کرونا وائرس کا شکار ہو کر موت کے مُنھ میں چلا گیا۔

ای پیپر دی نیشن