اسلام آباد،لاہورسمیت کئی شہروں میں بارش،چھتیں، دیواریں گرنے سے 8 افراد زخمی

لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹروں سے+ سپیشل رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندگان خصوصی+ آن لائن+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، اسلام آباد، نوشہرہ ورکاں، گوجرانوالہ، گگو منڈی، فیصل آباد، کمالیہ، سیالکوٹ، چناب نگر، ہارون آباد، اپر کوہستان میںآج اور کل بارش کہیں بوندا باندی تو کہیں تیز بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سرد ہوائیں چلنے سے خنکی بڑھ گئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ چناب نگر اور گردو نواح میں شدید با رش و ژالہ باری سے گلیاں ندیوں میں تبدیل، زمیندار فصل کیلئے پریشان، بارش کے باعث چھتیں، دیواریں گرنے سے خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر گگو منڈی میں آسمانی بجلی گرنے سے ٹیوب ویل کے دو ٹرانسفارمر جل گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک ،ڈیوس روڈ ،گڑھی شاہو میں آج صبح ہلکی بارش ہوئی۔ انارکلی، مال روڈ، جیل روڈ ،گلبرگ ،جوہرٹاؤن، فیروز پور روڈ، ٹھوکر اور اسلامپورہ میں بونداباندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے خنکی لوٹ آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا موجودہ سلسلہ 3 روز تک جاری رہے گا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میاں چنوں، چشتیاں، رینالہ خورد، جھنگ، شورکوٹ، احمد پور شرقیہ، خانیوال‘ سرگودھا‘ بہاولپور‘ بھکر‘ عارف والا‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث گرمی کی شدت کم ہو گئی۔ بارشوں کے باعث اپر کوہستان کے علاقوں کوز کمیلہ شاہراہ ریشم پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ ریشم ٹریفک کیلئے بند ہوگئی شاہراہ ریشم بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔فیصل آباد، کمالیہ، ہارون آباد ، چناب نگر میں بوندا باندی اور سرد ہوائیں چلنے سے خنکی بڑھ گئی۔ادھر چناب نگر میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے نتیجہ میں تین مختلف واقعات میں دیوار اور چھتیں گرنے سے دو عورتوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے ۔ جبکہ گگو منڈی میں گزشتہ شب ہونے والی بارش کے دوران نواحی گائوں طفیل آ باد میں آسمانی بجلی گرنے سے ٹیوب ویل کے بجلی کے دو ٹرانسفارمر جل گئے۔ نوشہرہ ورکاں میں ہلکی بارش کے بعد بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری پریشان ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن